نئی دہلی :25/جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بھارت میں اسرائیل کے سفیر ڈینیل کارمان نے آج کہا کہ بھارت اور اسرائیل تیزی سے ایک دوسرے کے اہم معاون کار بن گئے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان اتفاق انہیں مسابقتی دوڑ کے بجائے ایک دوسرے کے سازگار بناتا ہے۔ڈینیل کارمان نے کہا کہ یہ دونوں کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری کی باہمی ضرورت بناتا ہے اور اسرائیل بھارت کا با اعتماد ٹیکنالوجی پارٹنر بن گیا ہے۔اسرائیلی سفیر نے کہا کہ بھارت تیزی سے اسرائیل کا اہم پارٹنر بنا ہے ۔واضح ہو کہ وہ یہاں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اسرائیلی سفیر نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کے تعلقات کو دیکھئے، پورے بھارت میں زرعی منصوبوں جیسے درجنوں مراکز کے قیام سے لے کر دفاع ،مینوفیکچرنگ، اسرائیلی ٹیکنالوجی کی مدد سے جمنا ندی کو صاف کرنے تک، اسرائیل بھارت کا بااعتماد ٹیکنالوجی پارٹنر ثابت ہوا ہے۔ اسرائیل کی اقتصادی ترقی کی بنیاد سائنس اور ٹیکنالوجی کو بتاتے ہوئے ڈینیل کارمان نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں کے بغیر عالمی مارکیٹ میں مقابلہ کرنا ناممکن ہے۔ گزشتہ سالوں میں بھارت اور اسرائیل کے تعلقات گہرے ہوئے ہیں۔ گزشتہ سال وزیر اعظم نریندر مودی نے اسرائیل کا دورہ کیا تھا جبکہ اس سال ان کے اسرائیلی ہم منصب نیتن یاہو نے بھارت کا دورہ کیا تھا ۔پروگرام میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے سیکشن کے سیکرٹری آشتوش شرما نے کہا کہ بھارت سائنس اور ٹیکنالوجی میں بہت مضبوط ہے ، جس کا ثبوت کئی مواقع پرملے ہیں ۔